مرڈیشور ،21 ؍ مئی (ایس او نیوز) مرڈیشور کے کائکینی میں 25 اپریل کی رات میں پیش آئی ایک چوری کی واردات میں ملوث ملزمہ کو پولیس نے گرفتار کرکے اس کے قبضے سے مسروقہ زیورات برآمد کرلیے ۔
پولیس کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق گرفتار شدہ ملزمہ کا نام وسوما وینکٹرمنا موگیر ہے جو منکی (ہوناور تعلقہ کی) رہنے والی ہے ۔ 26 اپریل کو مرڈیشور پولیس اسٹیشن میں درگمّا جٹّا نائک نے شکایت درج کروائی تھی کہ بیتی شب میں رات کے وقت کسی نے کمرے کی چھت سے کھپریل ہٹا کر گھر کے اندر داخل ہوتے ہوئے الماری میں رکھے ہوئے 1,17,500 روپے مالیت کے زیورات اور نقد 25 ہزار روپے چرائے ہیں ۔
پولیس نے تحقیقات کے دوران 20 مئی کو کوپدامکّی منکی کی رہنے والی کوسوما وینکٹرمنا موگیر کو پوچھ تاچھ کے لئے اپنی تحویل میں لیا اور اس نے چوری کا اعتراف کیا تو اسے گرفتار کرکے اس کے قبضے سے تقریباً 75 گرام وزنی سونے کے زیورات برآمد کیے ۔ ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اس کو عدالتی حراست میں بھیجا گیا ۔